Translate ترجمہ

Tuesday, January 03, 2023

خاکہ: ایک حقیقی شاعر: فرحان دلؔ

ایک حقیقی شاعر : فرحان دل

ازقلم: طاہر انجم صدیقی، مالیگاؤں 




          فرحان دل صرف دیکھنے میں ہی شاعر نظر نہیں آتے بلکہ وہ حقیقتاً شاعر ہیں. وہ نہ صرف شاعر ہیں بلکہ بڑے غضب کے شاعر ہیں. شاید یہی وجہ ہے کہ ان کی شاعری کے قدردانوں میں اچھے اچھوں کے نام آتے ہیں. میں نے تو بہت سارے ایسے لوگوں کو بھی فرحان کے تعلق سے گفتگو کرتے ہوئے سنا ہے جو مالیگاؤں کی شاعری کو دوسرے درجے کی چیز سمجھتے ہیں. فرحان دل کی ایک شناخت یہ بھی ہے کہ وہ جس طرح نکلتے قدوقامت کے ہیں ان کا کلام بھی انہی کی طرح ذرا نکلتا ہوا ہی ہوتا ہے.

          خاص طور پر ان کی طویل ترین غزلیں اور نظمیں پڑھنے سے تعلق رکھتی ہیں. وہ اپنے کلام کو مشاعروں میں بھلے ہی اس ڈرامائی انداز میں پیش نہیں کر پاتے جتنا لوگ کر لیا کرتے ہیں لیکن کاغذ پر شائع ہونے والے ان کے کلام پر پڑھنے والے سر ضرور دھنتے ہیں.

          شاید یہی وجہ ہے کہ نثر نگاری کی صلاحیت رکھنے والے فرحان دل کو جب نثری انجمنوں میں خاطر خواہ پذیرائی ہوتی نظر نہیں آئی تو انہوں نے نثری پروگراموں سے اجتناب کرنا شروع کردیا.

         وہ آج کل شاعری کا ایک واٹس اپ گروپ دبستانِ سخن چلا رہے ہیں جس میں روزانہ ایک مصرعہ دیا جاتا ہے اور اس مصرعہ پر گروپ میں شامل اراکین اور ایڈمن کی جانب سے فی البدیہہ اشعار موزوں کیے جاتے ہیں. اگر شعر میں کوئی سقم ہو، بحر میں کوئی نقص ہو یا لفظوں کا غلط استعمال ہوا ہو تو دوستانہ ماحول میں اس پر گفتگو کی جاتی ہے.

          فرحان دل نہ صرف خود اپنا وضع کردہ مصرعہ دیتے ہیں بلکہ دوسرے شعرائے کرام کے مصرعوں کو بھی ان کے نام اور بحر و ردیف و قافیہ کی وضاحت کے ساتھ دبستانِ سخن میں پیش کرتے ہیں. 

راقم کو بھی اس گروپ کا رکن ہونے کا اعزاز حاصل ہے.

          یہی وجہ ہے کہ اس موقع پر میں یہ بات کہہ دینا چاہتا ہوں کہ جس شاعر پر متشاعر ہونے کا شک ہو اسے اس گروپ میں شامل کردیں.

          فرحان دل کے دبستانِ سخن میں اس کی ساری قلعی کھُل جائے گی کیونکہ وہاں فرحان دل جیسے سچے شاعر، شکیل میواتی جیسے پکّے شاعر، شکیل انجم جیسے اچھے شاعر کی موجودگی میں اسے کچھ نہ کچھ تو کہنا ہی پڑے گا اور جیسے ہی وہ کچھ کہے گا، خود اس کی اور دوسرے لوگوں کی سمجھ میں آجائے گا کہ وہ کتنا بڑا فنکار ہے؟

          فرحان دل فیبریکشنر بھی ہیں. ناولٹی فیبریکشن کی اپنی شاپ سے رزقِ حلال کشید کرتے تھے. لفظوں کو جوڑ جوڑ اشعار کی شکل دینے والے اس شاعر نے کبھی سوچا بھی نہیں ہوگا کہ اسے لوہے، اینگل اور پتھروں کو توڑ جوڑ کر کھڑکی، دروازے، ٹیبل، اسٹول اور دیگر چیزیں بنانی پڑیں گی. 

          اس کام سے پہلے فرحان ریڈیم کٹنگ کے ذریعے لوگوں کی گاڑیوں کو خوبصورت عطا کیا کرتے تھے نیز وہ موبائل لیمیشن کا کام بھی نہایت خوبصورتی سے کیا کرتے تھے. 

          اگر آپ کسی سچے فنکار سے ملنا چاہتے ہیں تو ایک مرتبہ فرحان دل سے ضرور ملاقات کریں. یقینا آپ کو ان سے مل کر دلی مسرت کا احساس ہوگا اور آپ ان کے اشعار پر داد دیئے بغیر نہیں رہ سکیں گے. 

          حالانکہ راقم آج کل اپنے احباب کے ساتھ کوشش میں ہے کہ فرحان دل کو نثری انجمنوں سے بھی مربوط کیا جائے کیونکہ میں نے ان کی ان بیاضوں کو دیکھا ہے جن پر افسانے تو افسانے، ناولٹ اور طنزومزاح پر مشتمل مضامین بھی موجود ہیں لیکن ان کی یہ صلاحیتیں عوام و خواص دونوں کی نظروں سے مخفی ہیں. 

          اگر ہم لوگ کامیاب ہوگئے تو یقین کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ مستقبل میں ایک اچھے شاعر کے علاوہ ایک اچھے نثرنگار کا استقبال مالیگاؤں کا اردو ادب کرسکتا ہے اور یہ استقبال ہونا ہی چاہئے.


یہ تحریر بھی آپ کے ذوقِ مطالعہ کی داد چاہتی ہے. 🔽

ایک انسان فنکار: احمد عثمانی



 



4 comments:

  1. پسند آیا جناب! بہوئیں خوب

    ReplyDelete
  2. Replies
    1. بے شک اس میں کوئی دو راۓ نہیں کے فرحان دل صاحب ایک اچھے شاعر کے ساتھ ساتھ ایک اچھے نثر نگار اور اس سے بھی اچھے انسان ہے۔۔۔ان کے کلام کو پڑھا اور محسوس بھی کیاہے۔۔۔اکثر فیس بک پر بھی ان کے کلام پڑھنے کو مل جاتے ہیں۔۔اور اب تو اس تحریر یعنی ” ایک حقیقی شاعر فرحان دل“ کے ذریعے بہت گہرائی سے فرحان صاحب کو سمجھنے کا موقع ملا۔۔۔فرحان صاحب کے لۓے نیک خواہشات

      سدی ساجدہ جمال

      Delete