Translate ترجمہ

Tuesday, January 31, 2023

حمد : بدی کی جانب اٹھے قدم کو مرا یہ احساس روکتا ہے

حمد 

(طاہر انجم صدیقی) 





 بدی کی جانب اٹھے قدم کو مرا یہ احساس روکتا ہے 

مرے تصور کے روزنوں سے کوئی تو مجھ کو بھی تک رہا ہے 


فلک سے لے کر  زمین تک جن حسیں منا ظر کا سلسلہ ہے 

وہ سارے منظر پکارتے ہیں مصوری کوئی کر رہا ہے 


کوئی تو ہے جو بچھائے سبزے کوئی تو ہے جو کھلائے گلشن 

کوئی تو ہے سخت پتھروں سے بھی کونپلیں جو نکالتا ہے 


زمیں، فلک، چاند، تارے ، سورج سب اپنی اپنی حدوں کے اندر 

کوئی تو ہے جو خلائے تاریک میں سبھوں کو سنبھالتا ہے 


یہ کون دن کو ہے شام کرتا ہے کون شاموں کو شب بنائے؟ 

یہ کون وقت ِ مقررہ پر ہماری صبحیں اُجالتا ہے 


یہ کس نے ہم کو حیات بخشی ہے؟ کس نے اعلیٰ صفات بخشی؟ 

خلیفۃ الارض کہہ کے کس نے جہاں میں اشرف بنا دیا ہے؟ 


اس مناجات کا لطف بھی ضرور اٹھائیں. 🔽


مناجات : بڑی امید بڑی آس لے کے آیا ہوں

 مناجات

(طاہر انجم صدیقی) 




بڑی امید بڑی آس لے کے آیا ہوں 

کرم کا تیرے میں وِشواس لے کر آیا ہوں 


میں نامراد زمانے سے کیا طلب کرتا؟

سوال اپنا تِرے پاس لے کے آیا ہوں 


تیری عطا کے سمندر سے فیض پانے کو 

میں اپنے ہونٹوں پہ پھر پیاس لے کے آیا ہوں 


مسرتوں کا مرے سر پہ کر دے تو سایہ 

سلگتے جسم کا احساس لے کے آیا ہوں 


بلا رہی تھی مجھے حمد کی تری وادی 

غزل کے شہر سے بن باس لے کے آیا ہوں 


مرے خدا مجھے انعام دے رضا اپنی 

ترے قصیدے کا قرطاس لے کے آیا ہوں 



انسان کے نہ ہونے سے دوبارہ زندہ ہونے 

تک کے تذکروں پر مشتمل حمد ضرور پڑھیں. 

🔽

ہم کہیں رہتے نہیں پر ہم کو لاتا کون ہے؟ 



حمد: ہم کہیں رہتے نہیں پر ہم کو لاتا کون ہے؟

  .اپنے رب کی نعمتوں کا شکر ضرور ادا کریں

حمد

طاہرانجم صدیقی 


 ہم کہیں رہتے نہیں پر ہم کو لاتا کون ہے؟ 

عالم ِ ارواح میں ہم کو بناتا کون ہے؟ 


باپ کے نطفے میں شامل کون کرتا ہے ہمیں؟ 

جسم و صورت پیٹ میں ماں کے بناتا کون ہے؟ 


جسم کے باہر کے اعضاء کو تناسب دے ہے کون؟ 

اندرون ِ جسم اعضاء کو سجاتا کون ہے؟ 


بے بسی کی کس کے آگے ہوتے ہیں تصویر ہم؟

روح دیتا کون ہے؟ سانسیں دلاتا کون ہے؟ 


کون پھیلائے رگوں کا جال سارے جسم میں؟ 

اور لہو ساری سانسوں میں ہی پھراتا کون ہے؟ 


پیٹ میں ماں کے سنبھالے کون رکھتا ہے ہمیں؟ 

اور ہم کو ناف سے روزی دلاتا کون ہے؟ 


کون کرتا ہے مقرر ساعت ِ مخصوص کو؟ 

رحم ِ مادر سے ہمیں دنیا میں لاتا کون ہے؟ 


ظلمتوں میں قید ہم کو کون رکھتا ہے جناب؟ 

سوچیئے تو روشنی میں ہم کو لاتا کون ہے؟ 


پیٹ بھر لینے کی طاقت ہم میں جب ہوتی نہیں

دودھ ماں کے سینے سے ہم کو دلاتا کون ہے؟ 


نرم و نازک پھول کی صورت ہمیں رکھتا ہے کون؟ 

اور ہمارے جسم کو پرواں چڑھاتا کون ہے؟ 


ہاتھ پیروں کو ہلانے کا ہنر دیتا ہے کون؟

اور چلنا، دوڑنا ہم کو سکھاتا کون ہے؟ 


ہم کو بچپن کی مسرت کون دیتا ہے جناب؟ 

لطف ہم سب کو جوانی کا دلاتا کون ہے؟ 


زندگی کی راہ ِ سنجیدہ دکھا دیتا ہے کون؟ 

دے ضعیفی اور کمر طاہر جھکاتا کون ہے؟ 


قوت ِ گویائی ہم کو تحفہ میں دیتا ہے کون؟ 

اور ہنر سن لینے کا ہم کو سکھاتا کون ہے؟ 


کون یہ احساس کا سرمایہ کرتا ہے عطا

فرق موسم ، غم ، خوشی کا پھر کراتا کون ہے؟ 


لذتیں محسوس کرنے کا ہنر ہے کون دے؟ 

ہم کو یہ احساس خوشبو کا دلاتا کون ہے؟ 


کون آنکھوں کو عطا کرتا ہے یہ نظارگی؟ 

ہم کو اس دنیا کی رنگینی دکھاتا کون ہے؟ 


ایک مدت تک بچا کر موت سے رکھتا ہے کون؟ 

زندگی کی راہ پر ہم کو چلاتا کون ہے؟ 


کون لفظ ِ کن سے مٹی سے بناتا ہے ہمیں؟ 

اور لفظِ کن سے مٹی میں ملاتا کون ہے؟ 


ہم کو دوبارہ کرے گا کون پیدا خاک سے؟ 

راز یہ قرآن میں ہم کو بتاتا کون ہے؟


کیا آپ اس نعت کو نہیں پڑھیں گے؟ 🔽