Translate ترجمہ

Sunday, October 18, 2026

مدینۃ المنورہ سے ایک نعت

مدینۃ المنورہ سے ایک نعت 

طاہرانجم صدیقی


 ہم آئے تو پوچھ رہے ہو  شہرِ مدینہ کیسا ہے؟

رحمت رحمت والا ہے اور جنّت جنّت جیسا ہے


پوچھ رہے ہو شہرِ مدینہ گھوم کے دیکھا؟ کیسا ہے؟

جنّت دیکھی ہوتی تو ہم کہہ دیتے بس ویسا ہے


پوچھ رہے ہو شہرِ نبی کا کھانا کیسا لگتا ہے؟

طاقت، طاقت والا ہے اور برکت، برکت جیسا ہے


پوچھ رہے ہو شہرِ نبی کا موسم ہم کو راس آیا؟

رشکِ بہاراں جس پہ قرباں، دھوپ کا موسم ایسا ہے


پوچھ رہے ہو ہم سے سلامی دیں تو کیسا لگتا ہے؟ 

آکر دیکھو تو سمجھو گے سامنے جانا  کیسا ہے؟

 

پوچھ رہے ہو ہم سے بقیع کے بارے میں تم اے پیارو!

اُن کے پیارے دفن جہاں ہیں کیسے بتائیں کیسا ہے؟


مسجدِ نبوی میں جو نمازیں پڑھ کر لَوٹے مت پوچھو

رشک ہزاروں سجدوں کو ہو، ایک ہی سجدہ ایسا ہے


پوچھ رہے ہو ہم سے ریاض الجنّہ میں کیا ہوتا ہے؟

جنّت ہی کے ٹکڑے کو کیا بولیں جنّت جیسا ہے


پوچھ رہے ہو بدر سے آکر ہم کو کیسا لگتا ہے؟

اِترا اِترا اُن کے سامنے آنے، جانے جیسا ہے


یہ بھی پوچھو ہم سے، قُبا کی دو رکعت سے کیا حاصل ہے؟

 دو رکعت پڑھ لینا طاہرؔ عمرہ کرنے جیسا ہے


 مت پوچھو تم شہرِ نبی میں آنا! نازاں قسمت پر

شہرِ نبی سے جانا لیکن جان سے جانے جیسا ہے



(باب الحجرۃ پر عصرومغرب کے درمیان

مکمل ہوئی نعتِ پاک، جس میں بعد میں چند اشعار کا اضافہ بھی ہوا.

(8/5/2025 7:04 pm)