Translate ترجمہ

Tuesday, November 14, 2023

نظم: بچّے

 بچّے

نتیجۂ فکر: طاہر انجم صدیقی، مالیگاؤں. 





ہندو، مسلم، سکھ، عیسائی کے جھگڑوں سے عاری بچّے 

جب بھی ملتے ہیں کرتے ہیں باتیں پیاری پیاری بچے


جو بولیں جیسا بھی بولیں، سب معصوم الفاظ میں بولیں

جھوٹے سچّے لفظوں کے کب ہوتے ہیں بیوپاری بچّے 


اَڑ جائیں تو مرغ مُسلَّم اور بریانی ہی کھاتے ہیں

موڈ اگر ہو، پھیکی پھیکی کھاتے ہیں ترکاری بچّے 


بچّے اپنی میٹھی زباں کی کِلکاری سے دل کو جیتیں 

ترشولی کب ہوتے ہیں؟ کب رہتے ہیں تلواری بچّے؟ 


بھول کے انساں اپنا رشتہ کاٹے سر انسانوں کا جب

تب بھی چندا ماما سے جوڑیں ہیں رشتے داری بچّے


بچّے دونوں ہاتھوں سے بھر بھر کر خوشیاں لے لیتے ہیں

عید ہو یا پھر دیوالی ہو لیتے ہیں تیوہا ری بچّے


بچے خود اپنی دنیا کے آپ ہی تو راجا ہوتے ہیں 

تنظیمی کب ہوتے ہیں؟ کب رہتے ہیں سرکاری بچّے


جو بچّے اب خاموشی سے ٹی وی کو تکتے ہیں کل وہ 

دادا سے کرتے تھے کیسی باتیں پیاری پیاری بچّے


طاہرؔ گلّا اِک دو روپیوں سے بھر کر خوش رہ لیتے ہیں

دو نمبر کی نوٹوں سے کیا خاک بھریں الماری بچّے؟ 


Thursday, November 09, 2023

نظم: اردو تیرے چاہنے والے

 اردو تیرے چاہنے والے

نتیجۂ فکر: طاہر انجم صدیقی 





اردو تیرے چاہنے والے ایسے تجھ کو چاہیں گے 

ہندی انگلش اپنائیں گے اردو داں کہلائیں گے 

میری اردو میری اردو یوں تو رٹتے رہتے ہیں

تیرا ان سے کام رہا تو کام نہ تیرے آئیں گے


جب بھی تیرے نام پہ قربانی کی کوئی بات چلے 

آنکھ اٹھا کر کب دیکھیں گے؟ دور سے کٹ کے جائیں گے

تیری خستہ حالی کی تو فکر نہیں نادانوں کو 

جب خود خستہ حال ہوئے تو بیچ کے تجھ کو کھائیں گے


اردو والے تیری خدمت کرتے تھے وہ دور گیا 

اب یہ پیر کے بدلے اردو گردن تیری دبائیں گے

تیرے ہو کر اکثر تیرے قتل کی سازش کرتے ہیں 

غیر سے تجھ کو چوٹ لگے تو یہ چیخیں چلائیں گے


شعرا کو یکجا کرکر کے نام پہ تیرے اے اردو

پاس ٹکٹ بیچیں گے اپنی انکم اور بڑھائیں گے

آج لہک کر تجھ کو ترنم سے یہ پڑھتے ہیں تو کل 

تیرے پرزے پرزے کر کے ساز اپنا بنوائیں گے


تیرے ذریعے ان کے ہونڈا ،ٹی وی چلتے رہتے ہیں

یہ سب مطلب کے پتلے ہیں یہ کیا تجھ کو چاہیں گے؟

حامی ہے یہ طاہرؔ انجم صدیقی جو تیرا آج

کل یہ اس کو پتھر ماریں یا سولی پی چڑھائیں گے