Translate ترجمہ

Monday, November 09, 2026

ںظم : اردو تیرے چاہنے والے

 نظم

اردو تیرے چاہنے والے! 

طاہرانجم صدیقی 

 



اردو تیرے چاہنے والے ایسے تجھ کو چاہیں گے 

ہندی انگلش اپنائیں گے اردو داں کہلائیں گے 

میری اردو میری اردو یوں تو رٹتے رہتے ہیں

تیرا ان سے کام رہا تو کام نہ تیرے آئیں گے


جب بھی تیرے نام پہ قربانی کی کوئی بات چلے 

آنکھ اٹھا کر کب دیکھیں گے؟ دور سے کٹ کے جائیں گے

تیری خستہ حالی کی تو فکر نہیں نادانوں کو 

جب خود خستہ حال ہوئے تو بیچ کے تجھ کو کھائیں گے


اردو والے تیری خدمت کرتے تھے وہ دور گیا 

اب یہ پیر کے بدلے اردو! گردن تیری دبائیں گے

تیرے ہو کر اکثر تیرے قتل کی سازش کرتے ہیں 

غیر سے تجھ کو چوٹ لگے تو یہ چیخیں چلائیں گے


شعراء کو یکجا کرکر کے نام پہ تیرے اے اردو

پاس ٹکٹ بیچیں گے اپنی انکم اور بڑھائیں گے

آج لہک کر تجھ کو ترنم سے یہ پڑھتے ہیں تو کل 

تیرے پرزے پرزے کر کے ساز اپنا بنوائیں گے


تیرے ذریعے ان کے ٹی وی، ہونڈا چلتے رہتے ہیں

یہ سب مطلب کے پتلے ہیں یہ کیا تجھ کو چاہیں گے؟

حامی ہے یہ طاہرؔ انجم صدیقی جو تیرا آج

کل یہ اس کو پتھر ماریں یا سولی پہ چڑھائیں گے



14 comments:

  1. بالکل حق بات کہی ہے آپ نے۔ اردو کی روٹی 🍞 کھائیں گے اظھار کریں گے انگلش میں
    یہ ہمارا طرزِ عمل ہے اللّٰہ خیر کرے

    ReplyDelete
  2. بات تو سچ ہے مگر بات ہے رسوائی کی۔ منفی باتوں کی بجائے پازیٹو سوچ ہوتی تو اس سے انسپائیریشن ملتی اور قاری اردو کے تحفظ اور فروغ پر آمادہ ہوتا۔ آپ کا درد اور کرب قابلِ قدر ہے ۔ اردو زبان اللہ والوں کی زبان ہے اس لیے باوجود نامساعد حالات کے یہ کبھی ختم نہیں ہو سکتی ۔۔اللہ خیر فرمائے ۔‌ تاہم‌ نظم کی روانی اور سلاست دیکھتے ہی بنتی ہے۔ یہ تو طاہر انجم صاحب کی نمایاں خصوصیات میں سے ایک ہے۔ بہت مبارکباد پیش ہے محترم

    ReplyDelete
    Replies
    1. بہت شکریہ! جزاک اللہ خیرا کثیرا

      Delete
  3. 👏💔❤‍🩹

    ReplyDelete
  4. حاجی طاہر انجم صدیقی صاحب
    اسلام علیکم
    میں نے آپ کی نظم اردو تیرے چاہنے والے پڑھیں دل ❤️ بہت خوش
    ہوا آپ کی اردو سے محبت اور انتہا چاہتا آپ کی قلم سے بہتے ہوئے
    تنزیہ چشمے اس بات کی گواہی دے رہے ہیں آپ کو اردو غلط طریقے سے
    سے۔ پڑھنے والوں سے

    ReplyDelete
    Replies
    1. جزاک اللہ خیرا کثیرا
      بہت شکریہ

      Delete
  5. نظم اچھی ہے لیکن منفی سوچ ہے - مثبت پہلوؤں پر روشنی ڈالتے تو زیادہ بہتر ہوتا-کیونکہ اردو سے تعلق رکھنے والے بہت سے مخلص بھی ہین - شکریہ

    ReplyDelete
    Replies
    1. ان کے لیے دوسری نظم کا انتظار کیجیے گا. بہت شکریہ

      Delete
  6. موجودہ دور کے متعلق یہ نظم بالکل درست ہے۔اس نظم میں مثبت اور منفی دونوں پہلوؤں کا بہ خوبی استعمال کیا ہے۔کیونکہ اردو سے تعلق رکھنے والے بہت سے مخلص بھی ہین - وہ لوگ اردو کے میدان آپ ہی طرح بہترین انداز میں اردو کی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔

    ReplyDelete
    Replies
    1. بہت شکریہ..... جزاک اللہ خیرا کثیرا

      Delete
  7. السلام علیکم
    ماشاء للہ بہت خوب ـ
    لیکن آج ہم دیکھتے ہیں کہ اردو چاہ
    ے نثر ہو چاہے نظم سب پر انگریزی کا غلبہ کافی ـ بعض الفاظ تو اتنے عام ہیں کہ ہم اسکی اردو ہی بھول گئے ـ اس نظم میں بہی انگلش ـ ٹکٹ ـ انکم جیسے الفاظ استعمال ہوے ہیں ـ سچ کہوں تو ٹکٹ کی اردو مجھے بھی نہیں معلوم ـ

    ReplyDelete
    Replies
    1. یہ بھی اچھی رہی جناب! اردو کے دامن میں غیراردو کے بہت سارے الفاظ ہیں. شکایت ان کے استعمال پر نہیں بلکہ اردو کے ہوکر مکمل طور پر دوسری زبانوں کے ہوجانے اور اردو سے بے اعتنائی برتنے پر شکایت ہے.

      Delete