Translate ترجمہ

Monday, November 09, 2026

ںظم : اردو تیرے چاہنے والے

 نظم

اردو تیرے چاہنے والے! 

طاہرانجم صدیقی 

 



اردو تیرے چاہنے والے ایسے تجھ کو چاہیں گے 

ہندی انگلش اپنائیں گے اردو داں کہلائیں گے 

میری اردو میری اردو یوں تو رٹتے رہتے ہیں

تیرا ان سے کام رہا تو کام نہ تیرے آئیں گے


جب بھی تیرے نام پہ قربانی کی کوئی بات چلے 

آنکھ اٹھا کر کب دیکھیں گے؟ دور سے کٹ کے جائیں گے

تیری خستہ حالی کی تو فکر نہیں نادانوں کو 

جب خود خستہ حال ہوئے تو بیچ کے تجھ کو کھائیں گے


اردو والے تیری خدمت کرتے تھے وہ دور گیا 

اب یہ پیر کے بدلے اردو! گردن تیری دبائیں گے

تیرے ہو کر اکثر تیرے قتل کی سازش کرتے ہیں 

غیر سے تجھ کو چوٹ لگے تو یہ چیخیں چلائیں گے


شعراء کو یکجا کرکر کے نام پہ تیرے اے اردو

پاس ٹکٹ بیچیں گے اپنی انکم اور بڑھائیں گے

آج لہک کر تجھ کو ترنم سے یہ پڑھتے ہیں تو کل 

تیرے پرزے پرزے کر کے ساز اپنا بنوائیں گے


تیرے ذریعے ان کے ٹی وی، ہونڈا چلتے رہتے ہیں

یہ سب مطلب کے پتلے ہیں یہ کیا تجھ کو چاہیں گے؟

حامی ہے یہ طاہرؔ انجم صدیقی جو تیرا آج

کل یہ اس کو پتھر ماریں یا سولی پہ چڑھائیں گے



Thursday, November 05, 2026

بس یہی تعارف ہے.......

طاہر انجم صدیقی — تعارف کے آئینے میں


 

🔸 تعارف و شناخت: 

• نام: محمد طاہر محمد صدیق 

• قلمی نام: طاہر انجم صدیقی 

• پیدائش و قیام: مالیگاؤں، مہاراشٹر


🔸پیشہ و خدمات: 

• تدریس: نیوارا انگلش میڈیم اسکول اینڈ جونیئر کالج، مالیگاؤں؛ تدریس کے ساتھ فکری و تخلیقی ادب، صحافت اور گرافک ڈیزائننگ و اسکرین پرنٹنگ سے گہرا شغف۔ 


🔸ڈیجیٹل پلیٹ فارم: ذاتی ادبی و تعلیمی بلاگ ’’طاہرستان‘‘ (tahiristaan.blogspot.com) — جہاں کلاسیکی و جدید اردو ادب اور تعلیمی مواد کا بیش بہا سرمایہ محفوظ ہے۔ یہ بلاگ ہندوستان کے علاوہ نیدر لینڈز، امریکہ، سنگاپور، جرمنی، ہانگ کانگ، فرانس، برازیل، میکسیکو، ویتنام، کینیڈا، برطانیہ، پاکستان، سعودی عرب، بنگلہ دیش، سویٹزرلینڈ، ارجنٹائن، جنوبی افریقہ اور روس کے اردو قارئین تک رسائی۔ 


🔸تصنیفی و تخلیقی خدمات (افسانہ، تنقید، شاعری، کہانی نویسی اور خاکہ نگاری): 

• افسانے: ’’بلیک اینڈ وہائٹ‘‘ (افسانوی مجموعہ) — عصری حسیت، انسانی نفسیات اور سماجی حقائق کا عکاس مجموعہ، جس پر مہاراشٹر اردو اکیڈمی اور اتر پردیش اردو اکیڈمی کی جانب سے ریاستی ادبی اعزازات کا حصول۔ اس کتاب کی اشاعت پر شہر مالیگاؤں اور بیرونِ شہر کے متعدد اداروں سے بھی اعزازات، جن میں ممبئی کی ’’معمار کلب‘‘ کی جانب سے ملنے والا ’’بیدی و عصمت ایوارڈ‘‘ بھی شامل۔ 


• ’’بلیک اینڈ وہائٹ‘‘ پر مقالہ: اس کتاب پر ممبئی یونیورسٹی کے سیمینار میں ڈاکٹر مبین نذیر نے مقالہ پیش کیا۔ 


• شاعری: ’’تاثیر‘‘ (شعری مجموعہ) — غزل اور نظم پر یکساں عبور کا مظہر، جس میں روایتی جمالیات اور جدید فکری آہنگ کا حسین امتزاج ملتا۔ اس کتاب کو مہاراشٹر اردو اکیڈمی سے مالی اعانت حاصل ہوئی۔ 


• تنقید و تبصرہ: ’’فکشن پر گفتگو‘‘ (تنقیدی تصنیف) — اردو فکشن کی فنی باریکیوں، تکنیک اور جمالیاتی اصولوں پر گہری تنقیدی بصیرت کا حامل مجموعہ، جسے اردو اکیڈمی کی جانب سے مالی اعانت سے نوازا گیا۔ 


• خاکہ نگاری و سوانحی تحریریں: گاہے بہ گاہے اساتذہ، احباب اور ادبی شخصیات پر خاکے لکھے ہیں۔ نیز معاشرے کے عام، نچلے اور گمنام افراد کی زندگی اور انسانی قدروں کو فنکارانہ انداز میں اجاگر کرنے والی خاکہ نما یادگار تحریریں بھی شامل۔ 


• مضمون و مقالہ نگاری: مختلف ادبی موضوعات پر مقالے و مضامین لکھنے اور ادبی تقاریب میں ان کی قرأت کا شرف حاصل۔ 


• طنز و مزاح: شہر مالیگاؤں کی معروف ادبی فضا میں طنز و مزاح پر مشتمل مضامین اور انشائیے لکھنے کا شغف، جلد ہی انھیں کتابی شکل میں پیش کرنے کا منصوبہ۔ 


• کہانیاں و مضامین: بچوں کے لیے کہانیوں کے ساتھ ساتھ مختلف کتب کی اشاعت و اجرا کے موقع پر تبصراتی مضامین لکھنے کا شرف بھی حاصل۔ 


• ادبی انٹرویوز: نامور اور معتبر ادبی شخصیات کے انٹرویوز کے ذریعے فکری و تخلیقی مکالمے کو فروغ دینے کی کوشش۔ 


🔸صحافتی خدمات، ادارت اور بصری فنون (Visual Arts): 

• طنزیہ و مزاحیہ اخبار: ’’چورن ٹامز‘‘ کے نام سے اردو زبان میں طنز و مزاح کا انوکھا اخبار جس کے ذریعے ادبی اور معاشرتی زاویوں کو پُراثر پیرائے میں پیش کیا۔ 


• اعزازی ادارت: مالیگاؤں اور بیرونِ مالیگاؤں سے شائع ہونے والے متعدد مؤقر اردو رسائل و جرائد میں بحیثیت اعزازی مدیر فعال خدمات۔ کوکن کے رسالے ’’بزمِ فروزاں‘‘ کی اعزازی ادارت کا شرف حاصل، ہفت روزہ ’’نیوارامیل‘‘ کے نائب مدیر کی حیثیت سے بھی اردو کی خدمت۔ 


🔸سرورق ڈیزائننگ (Book/Magazine Covers): مختلف علمی و ادبی رسائل، کتابوں اور مجلات کے لیے دیدہ زیب اور معیاری سرورق ڈیزائن کیے۔ بالخصوص اردو اکیڈمی کے مؤقر رسالے ماہنامہ ’’امکان‘‘ کا سرورق ڈیزائن کرنے کا اعزاز حاصل۔ نیز مختلف اداروں اور ادبی واٹس ایپ گروپس کے لیے بینر ڈیزائن کا شرف۔ 


🔸تنظیمی قیادت، نظامت اور ادبی ادارے: 

• ادارۂ ناموسِ ادب (بانی و صدر): شہر میں ادبی فضاؤں کو زندہ رکھنے کے لیے باقاعدہ افسانوی اور شعری نشستوں کا انعقاد۔ نیز ’’آل مالیگاؤں طرحی غزل نویسی مقابلے‘‘ کا شاندار انعقاد، شعرا کی حوصلہ افزائی۔

 

• انجمن محبانِ ادب (سکریٹری): افسانوی نشستوں کے انعقاد اور مقامی سے لے کر بیرونی سطح تک کے افسانوی مقابلوں میں کلیدی کردار ادا کیا۔ 


• قلمدان: ساتھی ایڈمنز کے ساتھ افسانے کی ترویج و اشاعت کے لیے کام کیا۔ ایک ہی تقریب میں ایک ساتھ کئی نئے افسانہ نگاروں کو اردو دنیا سے متعارف کرانے کا شرف حاصل کیا۔ 


• اردو کونسل: اس بینر کے تحت اخبار کے افتتاح، افسانوی تقریب اور کئی ادبی کتابوں کے اجرا کے جشن کا انعقاد کیا۔ 


🔸 ڈیجیٹل دنیا میں اردو فکشن کی ترویج (واٹس ایپ گروپس): 

• بزمِ افسانہ (بحیثیت ایڈمن، ۲۰۱۹ سے تا حال): نامور ادبا سلام بن رزاق، سید محمد اشرف اور غضنفر کی سرپرستی میں چلنے والے اس ملک گیر واٹس ایپ گروپ میں ہندوستان بھر کے بیشتر افسانہ نگاروں کو جوڑنے، افسانے کی ترویج، تجزیاتی مضامین لکھنے اور گروپ میں پیش کیے جانے والے افسانوں کے لیے منفرد بینرز ڈیزائن کرنے کی مسلسل خدمات انجام دیں۔ 


• قلمدان (بحیثیت ایڈمن): اس گروپ کے ذریعے بھی ساتھیوں کے ہمراہ افسانوی ادب کے فروغ کے لیے بھرپور کوششیں کیں۔ 


🔸نظامت کے فرائض: 

• مختلف ادبی محفلوں، مشاعروں، سیمینارز اور تقریباتی پروگراموں میں نہایت شائستہ، پُروقار اور دلکش انداز میں باقاعدگی سے نظامت (اسٹیج ہوسٹنگ) کے فرائض انجام دیے۔ 


🔸طلبہ کی فکری تربیت، تعلیمی و ثقافتی خدمات اور لیکچرز: 

• اسکول سطح پر تخلیقی خدمات: طلبہ کے لیے ثقافتی تقاریب کے موقع پر معلوماتی تقاریر اور چھوٹے تربیتی ڈرامے لکھ کر دیے۔ نیوارا انگلش میڈیم اسکول کے طلبہ کے مابین ’’بیت بازی‘‘ کے مقابلوں کا انعقاد کر کے ان میں شعری ذوق اور عروض کی فہم کو بیدار کیا۔ 


• مطالعے کا ذوق و یومِ مطالعہ: طلبہ میں اردو کہانیوں اور کتب کی تقسیم کے ذریعے مطالعے کا ذوق پیدا کیا۔ مہاراشٹر کی سب سے بڑی اردو لائبریری کے ’’یومِ مطالعہ‘‘ کی پروقار تقریب میں طلبہ کی خصوصی رہنمائی۔ 


• صحافت پر خطاب: شہر مالیگاؤں کی معروف درسگاہ سٹی کالج میں بطور مہمان طلبا و طالبات سے خطاب کیا اور انہیں صحافت کے میدان میں قدم رکھنے کے لیے پُرجوش انداز میں رہنمائی فراہم کی۔ 


• نصابی شاعری: نیوارا انگلش میڈیم اسکول کے اردو نصاب کے لیے بچوں کی فکری و شعری تربیت کے پیشِ نظر معیاری نظمیں اور تعلیمی مواد تحریر کیا۔ 


🔸نشریات، سیمینارز اور ادبی نمائندگی: 

• ریڈیو نشریات: آکاشوانی ریڈیو (جلگاؤں) سے افسانے، شاعری اور خصوصی انٹرویوز نشر ہوئے۔


 • نہرو سینٹر (ممبئی): ممبئی کے معروف نہرو سینٹر پر مالیگاؤں کی ادبی نمائندگی کرتے ہوئے اپنا افسانہ پیش کیا۔ 


🔸اردو اکیڈمی اور دیگر تنظیموں کے سیمینارز:

• بحیثیت ناظم: مالیگاؤں میں اردو اکیڈمی کے افسانوی سیمینار کی میزبانی اور نظامت کی۔ - بحیثیت فنکار/افسانہ نگار: ممبئی میں اردو اکیڈمی کے سیمینار اور ادبِ اسلامی کے سیمینار میں مالیگاؤں کی نمائندگی کی۔

• بحیثیت مبحث: جلگاؤں میں منعقدہ سیمینار میں غیر افسانوی ادب پر مدلل گفتگو کی اور سوالات کے جوابات دیے۔ 


🔸 بطور جج (منصف): مالیگاؤں کے مقامی اسکولوں، کالجوں اور ادبی انجمنوں کے ادبی مقابلوں میں بحیثیت منصف فرائض انجام دیے۔ 


🔸کتب کی اشاعت و اجرا میں خدمات: 

افسانوں، شاعری اور دیگر ادبی کتابوں کی اشاعت و اجرا کے فروغ میں پیش پیش رہے۔ مرحوم ریاض احسن کی ’’زہراب‘‘، کوکن کی فیروزہ تسبیح کی ’’شمعِ فروزاں‘‘ اور فریدہ نثار کی ’’شنگرفی آنچل کے سائے میں‘‘ جیسی کتابوں کے اجرا میں اہم کردار ادا کیا۔ اردو کے لیے یہ خدمات تاحال جاری ہیں کیوں کہ: 


*میں دیوانہ ہوں دیوانہ، میں پروانہ ہوں اردو کا*

*جہاں یہ شمع جلتی ہے وہاں میں جلتا رہتا ہوں*

(طاہر انجم صدیقی)

بہ شکریہ: تنویر اشرف

Wednesday, May 06, 2026

گارڈ بابا! خدا حافظ! (خاکہ)

 ** گارڈ بابا! خدا حافظ**

طاہرانجم صدیقی (مالیگاؤں) 









نیوارا انگلش میڈیم اسکول میں قدم رکھتے ہی سب سے پہلے گارڈ بابا سے ہی ملاقات ہوتی تھی۔ وہ اکثر سیکیورٹی یونیفارم زیب تن کیے ہوتے۔ ان کی یونیفارم سے گہری رنگت پر پُرخلوص مسکراہٹ دل کو موہ لیتی تھی۔ بعض اوقات وہ کرتا پاجامہ پہنے ہوتے، تب بھی مسکراہٹ بھرے استقبال کے لیے ان کا کرسی سے اٹھ جانا بہت اچھا لگتا تھا۔ اگر اسکول میں داخلے کے وقت وہ آس پاس کہیں کھڑے ہوتے تو لپک کر آگے بڑھتے، ہاتھ ملاتے اور بسا اوقات سلام کر کے ثواب کمانے میں سبقت لے جاتے۔ یا بعض اوقات کہیں دور کسی کام میں مصروف ہوتے تو وہیں سے ہاتھ اٹھا کر مسکراہٹ بھرا سلام کرتے. 

میں نے ان کو جب بھی نیوارا میں دیکھا، کسی بچّے پر ہتھے سے اکھڑ کر چِڑتے نہیں دیکھا۔ وہ طلبہ پر برہم بھی ہوتے تو ان کی برہمی میں ایک خلوص پنہاں ہوتا۔ میں اکثر اسکول میں داخلے کے بعد ان کی خیریت دریافت کر کے حال احوال کر لیا کرتا تھا۔

سیدھے سادے اور بھولے انسان تھے وہ۔ اپنے بال بچّوں کے لیے فکر مند رہتے اور اسکول کا بھی بڑا خیال رکھتے؛ پانی کی ٹانکی بھری یا نہیں؟ وہ اس بات کا بھی خاص دھیان رکھتے کہ لان میں پانی کا چھڑکاؤ ہوا یا نہیں، یا کوئی چیز اِدھر اُدھر تو نہیں ہو گئی۔ ان جیسی تمام باتوں کی وہ بہت فکر کرتے تھے۔

ابھی جب مئی کی چھٹیاں لگیں تو اسکول سے نکلتے وقت ان سے ہاتھ ملا کر نکلا تھا۔ ان کے ہاتھوں کا پُرخلوص لمس اب یاد آ رہا ہے۔ کسے خبر تھی کہ اسکول کی چھٹیوں کے ساتھ ہی ہمارے بابا بھی ایسی طویل رخصت پر چلے جائیں گے جہاں سے لوٹ کر آنا ناممکن ہے۔ کل رات ہی ان کی تدفین ہوئی ہے اور اب وہ کبھی لوٹنے والے نہیں ہیں۔

اللہ سے دعا گو ہوں کہ اللہ بھی ان سے ناراض نہ ہو جیسے وہ بچّوں سے ناراض نہیں ہوا کرتے تھے۔ اللہ بھی ان سے خوش رہے جیسے وہ ہم سے خوش ہو کر ملا کرتے تھے اور اللہ ان کا خوب خیال رکھے جیسا وہ دوسروں کا رکھا کرتے تھے۔ اللہ تعالیٰ انھیں قبر، حشر اور جہنم کی سختیوں سے ایسے ہی محفوظ رکھے جیسے وہ بچوں کو دھوپ کی تمازت سے بچانے کے لیے پیرنٹ زون کے شیڈ میں بیٹھ جانے کو کہا کرتے تھے۔

اب جب اسکول دوبارہ کھلے گا، تو ہمارے **حمید رشید منیار بابا** مسکرا کر استقبال کرنے کے لیے موجود نہیں ہوں گے۔ لپک کر ہاتھ نہیں ملائیں گے اور نہ ہی پُرخلوص انداز میں باتیں کریں گے، مگر ان کی یادیں ضرور ہمارے ساتھ رہیں گی۔

**خدا حافظ حمید رشید منیار بابا....... خدا حافظ!**

Wednesday, March 05, 2025

نعتِ پاک

طاہرستان پر تشریف آوری کے لیے شکریہ! امید ہے آپ اپنی آرا سے ضرور نوازیں گے. (طاہر انجم صدیقی)



Thanks for visiting *TAHIRISTAAN*. Visit again.


نعتِ پاک
طاہر انجم صدیقی 

کتنا تڑپائے گی سرکار کی الفت مجھ کو؟ 
"کتنے دن اور رلائے گی محبت مجھ کو"

میں نہ اِتراؤں تو پھر کون بھلا اِترائے؟
جانبِ طیبہ لئے جاتی ہے قسمت مجھ کو

اشک تھمتے، نہ قدم جمتے، گنہہ یاد ہیں سب
اور تمنّا کہ رہے آپ ﷺ سے نسبت مجھ کو

 طرزِ کہنہ ہی سہی نعت تو کہہ لیتا ہوں
کس کو پروا! ہے کہ آتی نہیں جدّت مجھ کو

 آپﷺ سے حسن مَیں حسّان کے فن سا چاہوں
اور مدحت کی بھی دے دیجے اجازت مجھ کو

عشق نے جھومتے جانے کی سعادت بخشی
دیکھتی رہ گئی طاہرؔ مِری جرأت مجھ کو

Thursday, July 18, 2024

شکیب جلالی کا کلام: ندرت، محاکات اور زندگی کے تناظر میں(مضمون)

  شکیب جلالی کا کلام 

ندرت، محاکات اور زندگی کے تناظر میں

(طاہرانجم صدیقی) 




شکیبؔ جلالی کے اشعار کے سرسری مطالعے کے دوران پتہ چلا  کہ شکیبؔ کے کئی اشعار میرے ادبی بچپن کے انتخاب میں شامل ہیں. مثلاً 

سوچو تو سلوٹوں سے بھری ہے تمام روح 

دیکھو تو ایک شکن بھی نہیں ہے لباس میں


ذرا نہ موم ہوا پیار کی حرارت سے 

چٹخ کے ٹوٹ گیا دل کا سخت ایسا تھا


یہ ایک ابر کا ٹکڑا کہاں کہاں برسے 

تمام دشت ہی پیاسا دکھائی دیتا ہے

اور میں سوچتا ہوں کہ اگر اُن دنوں شکیبؔ جلالی کا شعری مجموعہ میرے ہاتھ لگ گیا ہوتا تو شاید میں بھی احمد ندیم قاسمی کی طرح تمام اشعار پر نشان لگاتا چلا جاتا. 

یہ اعتراف دیکھیں:

"میں ایک کام سے اپنے گاؤں گیا اور ساتھ یہ شکیب کا مجموعہ" روشنی اے روشنی" لیتا گیا. مقصد یہ تھا کہ اس کی کسی ایک نمایاں خصوصیت کو اپنے مضمون کا موضوع بناؤں اور اس خصوصیت کے حوالے سے اشعار چن لوں مگر جب میں مجموعے کی ابتدائی پچیس تیس غزلیں پڑھ چکا تو میں نے محسوس کیا کہ میں نے اس کی تمام غزلوں کے اشعار پر نشان لگا دیے ہیں اور کوئی ایک شعر بھی ایسا نہیں ہے جسے شکیبؔ کے کمالِ فن کے تذکرے پر نظر انداز کیا جا سکے. "

(احمد ندیم قاسمی، کلیاتِ شکیب جلالی صفحہ نمبر 16) 

یہ اقتباس کسی عام شخص کی تحریر کا نہیں ہے بلکہ فنون کے اس مدیر کا ہے جسے ساری اردو دنیا میں قدر اور احترام کی نگاہوں سے دیکھا گیا، نیز دنیا کے کونے کونے سے ارسال کی گئی تخلیقات کو فنون میں اشاعت کے لیے صرف اور صرف معیار کی کسوٹی پر پرکھنے میں پیش پیش رہنے والے احمد ندیم قاسمی جیسا خاص شخص کسی شاعر کے اشعار کے تعلق سے مذکورہ بالا اعتراف ضبطِ تحریر میں لاتا ہے تو یہ اس شاعر کے لیے اعتراف کے ساتھ ساتھ اعزاز بھی ہے. 

اسی شاعر شکیبؔ جلالی کے فن کی ندرت اور امیجری یعنی محاکات پر سرسری گفتگو کے لیے میں نے قلم اٹھایا ہے. سرسری ان معنوں میں کہ محض ایک مضمون میں کسی ایک فنکار پر سیر حاصل گفتگو کا دعوی خواص اور عوام دونوں کے لیے ہی کھوکھلا ثابت ہوگا. 

ناصر کاظمی, احمد فراز اور شہزاد احمد جیسے کامیاب غزلیں کہنے والے شعراء کی موجودگی میں اپنا مقام بنا لینا ہی یہ ثابت کرنے کے لیے کافی ہے کہ اس شاعر کے کلام میں محض شاعری کی روایت پسندی نہیں ہوگی، اس کا کلام کسی نہ کسی وجہ سے مذکورہ بالا شعرا کے کلام کے مابین اپنے وجود کو منفرد ثابت کرنے والا ہوگا اور اس شاعر کے پاس یقینی طور پر کچھ خداداد صلاحیتیں موجود ہوں گی جن کی بنیاد پر اس کے اشعار مذکورہ شعرا کے کلام کے درمیان اپنی ندرت کا احساس کرا جاتے ہوں گے آج ہم اسی نادر اور منفرد کلام کہنے والے شکیب جلالی کے تعلق سے کچھ باتیں کریں گے. 

شکیب جلالی کے تعلق سے کہا جاتا ہے کہ اگر اس دور میں شکیب جلالی جیسا شاعر پیدا نہ ہوتا تو عین ممکن تھا کہ اردو غزل ایک دم دو سو سال پیچھے چلی جاتی اور آئندہ نسل میں اس کا کوئی نام لیوا باقی نہیں رہتا. غالبا یہی سبب ہے کہ اقبال منہاس کو یہ اعتراف کرنا پڑا. 

"شکیب نے اردو غزل کی آبرو بچا لی. شکیب نے اردو غزل کو ایک نئی تازگی عطا کی. جس سے غزل پھلنے پھولنے لگی اور جو یہ کہہ رہے تھے کہ غزل پر جمود طاری ہوگیا ہے. شرم کے مارے منہ چھپانے لگے. 

(شکیب جلالی ایک مطالعہ صفحہ نمبر ٣٨)

فصیلِ جسم پہ تازہ لہو کے چھینٹے ہیں 

حدودِ وقت سے آگے نکل گیا ہے کوئی

شکیب کے انفراد لئے یوں تو اس کے بہت سارے اشعار پیش کئے جاسکتے ہیں لیکن چونکہ شکیب جلالی کے اشعار کو سرسری طور پر دیکھا گیا ہے اس لیے اس پر تفصیلی گفتگو کسی اور وقت کے لئے اٹھا رکھتے ہیں. اس کا سبب یہ ہے کہ شکیب کے اشعار میں ندرت اپنا احساس بار بار کراتی ہے. اسی زاویۂ نگاہ سے ذیل کے اشعار بھی دیکھے جا سکتے ہیں:


ہاتھ آیا نہیں کچھ رات کی دلدل کے سوا 

ہائے کس موڑ پہ خوابوں کے پرستار گرے 


اتر کے ناؤ سے بھی کب سفر تمام ہوا؟ 

زمین پہ پاؤں دھرا تو زمین چلنے لگی 


تو نے کہا نہ تھا کہ میں کشتی پہ بوجھ ہوں 

آنکھوں کو اب نہ ڈھانپ مجھے ڈوبتے بھی دیکھ


میں شاخ سے اڑا تھا ستاروں کی آس میں 

مرجھا کے آ گرا ہوں مگر سرد گھاس میں


میں خاک داں سے نکل کر بھی کیا ہوا آزاد 

ہر اک طرف سے مجھے آسماں نے گھیرا ہے


بیتے دنوں کے زخموں کریدے ہیں رات بھر 

آئی نہ جن کو نیند وہ کیا خواب دیکھتے، 

چونکہ شکیب جلالی کو امیجری کے لیے بھی جانا جاتا ہے اس لئے امیجری یا محاکات کے تعلق سے سلیم شہزاد صاحب کی فرہنگ ادبیات کی غواصی کے بعد جو موتی ہاتھ لگا وہ حاضر ہے:

"محاکہ" بمعنی "حکائی بیان" کی جمع جو سامع یا قاری کے سامنے شعری بیان کی کیفیات کا نقشہ پیش کرے یعنی کچھ ذہنی تصویروں کے ذریعے شعری کیفیات کی ترسیل. رومی نقاد ہوریس نے دوہزار سال پیشتر شاعری کی جو تعریف کی تھی کہ شاعری لفظی مصوری ہے، وہ محاکات ہی کے ذیل میں آتی ہے اور پیکریت کا نیا شعری تصور بھی اسی سے مماثلت رکھتا ہے."

(فرہنگ ادبیات. صفحہ 692)

چونکہ امیجری پر کچھ باتیں کرنی ہیں اس لئے ذیل کے اقتباس کو بھی ضرور دیکھیں: 

"شکیب جلالی کو امیجز کا شاعر کہا جاتا ہے اور یہ حقیقت ہے کہ اس نے اپنے اشعار میں مکمل طور پر امیجز ہی تراشے ہیں. شکیب جلالی کا کوئی عام سا شعر بھی اٹھا کر دیکھیں تو اس میں بھی پیکر تراشی اپنے پورے جوبن پر نظر آئے گی. وہ اپنے اشعار میں علامت اور تصویر کشی کی طرف بھرپور توجہ دیتا ہے. قاری کے سامنے بنا بنایا پیکر لے اتا ہے."

(ذوالفقار احسن..... شکیب جلالی ایک مطالعہ صفحہ 47)

شکیب کیسی اڑان، اب وہ پر ہی ٹوٹ گئے

کہ زیرِ دام جب آئے تو پھڑپھڑائے بہت

شعر سنتے ہی زیرِ دام آنے والا وہ پرندہ ذہن کی اسکرین پر اجاگر ہوجاتا ہے جو آزاد ہونے کے لئے پورا زور صرف کرتا ہے. تڑپتا ہے. پھڑپھڑاتا ہے مگر بے سود..... قفس اس کا مقدر بن جاتا ہے اور اڑان محض ایک خیال. یا تو وہ پر آزادی کی اس جدو جہد میں ہی ٹوٹ جاتے ہیں یا تو پھر قفس کا حصہ بنانے سے پہلے توڑ دئیے جاتے ہیں اور یہ سارا عمل شکیب جلالی کسی پینسل، برش یا رنگوں کے توسط سے نہیں بناتا بلکہ اپنے لفظوں کے ذریعے کچھ ایسی جادوگری کرتا ہے کہ نہ صرف صیاد کی گرفت میں پھڑپھڑانے والے پرندے کی تصویر بن جاتی ہے بلکہ ذرا سا دھیان دیں تو اس پرندے کے پروں سے پھڑپھڑانے کے درمیان ٹوٹ بکھرنے والے چھوٹے چھوٹے پر بھی نظر آتے ہیں اور پروں کو آزادی کے لئے پھڑپھڑانے کی آوازیں تک سنائی دیتی ہیں. میں اس مقام پر سوچتا ہوں کہ کسی نے درست ہی کہا ہے کہ موسیقی شور سنا سکتی ہے، تصویر نہی‍ں دکھا سکتی اور مصور تصویر بنا سکتا ہے، آواز نہیں سنا سکتا لیکن لفظوں کا استعمال کرنے والا تصویر بھی دکھا سکتا ہے، آواز بھی سنا سکتا ہے بلکہ محسوسات تک سے واقف کرا سکتا ہے. بالکل یہی صورتحال یہاں بھی ہے اور شکیب جلالی کے شعر پڑھنے والے کو صرف پرندے کی متحرک تصویر نظر آتی ہے بلکہ پرندے کے دل میں اجاگر ہوجانے والا آزادی کا وہ خیال، قید ہوجانے کا خوف اور سارا زور صرف کرڈالنے کا مصمم ارادہ لیکن ان سب کے باوجود بھی قفس کا حصہ بن جانے والا مقدر اور قفس کی مایوس کن فضا اس فضا میں سراٹھاتا اپنی فطری اڑان کو بھول جانے یا اس اڑان کے لئے ترستے رہنے اور آہیں بھرنے کا منظرنامہ بھی سامنے آجاتا ہے. 

یا پھر شکیب کا یہ شعر دیکھ لیں:

اسی لیے تو ہوا رو پڑی درختوں میں

ابھی میں کھل نہ سکا تھا کہ رُت بدلنے لگی

کیا یہ شعر ہوا کے چلنے سے پتوں کے سرسرانے کو رونا متشکل کرتا اور کسی غنچے کے بن کھلے مُرجھانے کی حسرت بھری تصویر بناتا محسوس نہیں ہوتا؟ ہوتا ہے مگر ذرا سا غور کریں تو یہاں شکیب کے حالاتِ زندگی کا منظر نامہ بھی بنتا ہے. والدہ کا حادثہ، والد کا ذہنی توازن اور شکیب کے ناتواں کاندھے پر ذمہ داریوں کا بوجھ. شکیب کو کم عمری میں ہی جن حالات کا سامنا کرنا پڑا ان حالات کا سامنا کرنے کے بعد اگر ایسے اشعار وضع نہیں ہوں تو بھلا شاعر آپ بیتی کو جگ بیتی کب بنائے گا؟ یا پھر وہ صرف جگ بیتی ہی بیان کرتا رہے گا. اس کی اپنی ذات کا اظہار وہ کب کرے گا؟

شکیب جلالی کا یہ شعر بھی دیکھیں:

آکر گرا تھا کوئی پرندہ لہو میں تر

تصویر اپنی چھوڑ گیا ہے چٹان پر

کیا اس شعر کو پڑھتے یا سنتے ہی کسی چٹان پر اونچائی سے گرنے والے ایک پرندے کی تصویر نہیں بنتی؟ حالانکہ اس شعر کے تعلق سے ذوالفقار احسن نے "شکیب جلالی فن اور شخصیت" کے صفحہ نمبر 30 پر یوں لکھا ہے:

یہاں پیکر کے تمام اجزاء معنی خیز ہے اور مستقل تعبیر کے متقاضی ہیں. 1) آ کر گرا 2) پرندہ 3) لہو میں تر 4) تصویر 5) چھوڑ گیا 7) چٹان پر.

لیکن ہم جب شعر سے پہلی بار دوچار ہوتے ہیں تو نہ الگ الگ اجزا کے معنی پر غور کرتے ہیں اور نہ ان کی آپسی مسابقت (competitiveness) کی ہمارے ذہن میں کوئی اہمیت ہوتی ہے. ہم اس شعر کو محض اس کے مجموعی پیکری تاثر اور وقت کے دو مقررہ لمحات (آ کر گرا تھا، چھوڑ گیا) کے حوالے سے دیکھتے ہیں. "آ کر گرا" میں پرواز، رفتار، بے قابو رفتار کا تاثر بھی ہے لیکن چٹان کا لفظ سامعہ کو بھی متحرک کرتا ہے کہ سخت چٹان پر جب پرندہ گرا ہوگا تو آواز بھی آئی ہوگی. گویا ہلکے سے گولی چلی ہو. "

جبکہ میری مانیں تو چٹان پر لہو میں تر پرندے کے آگرنے اور چٹان کے سینے پر لہو کے نشانات چھوڑ جانے سے جو متحرک تصویر ذہن کی اسکرین پر بنتی ہے اس میں ذوالفقار احسن نے گولی کی جس آواز کی جانب اشارہ کیا ہے اس طرف دھیان نہیں دیا جائے تو ہم اس پرندے کو اقبال کا وہ شاہین بھی سمجھ سکتے ہی‍ں جس کا کام کسی اور آسمان کی طرف پرواز کرنا ہے. 

اب آپ یہاں پر "چھوڑ گیا" کی طرف غور کریں تو محسوس کریں گے کہ وہ باحوصلہ پرندہ جو اڑتے اڑتے تھکن سے چور ہو چکا ہو، اس کے شہ پر مسلسل اڑان سے شل اور زخمی ہو چکے ہوں اور وہ ایک مضبوط چٹان کے سینے پر آگرا ہو لیکن مرا نہ ہو. اس کے دل میں اڑان کا جذبہ اور پروں میں حوصلہ باقی ہو تو وہ پھر نئے آسمان تلاش میں چٹان پر اپنے لہو کے نشانات چھوڑ کر پرواز کر گیا ہو.

میں اسی لئے کہنا چاہتا ہوں کہ کسی بھی فن پارے کو مخصوص عینک لگا کر دیکھنا اس کے فنکار پر ظلم ہے. اگر قنوطیت، کرب اور موت کی مخصوص عینک لگا کر دیکھیں تو اس شعر میں موت کا اظہار مل جائے گا لیکن اگر شکیب جلالی کے بقول دیکھیں: 

کب سے ہیں ایک حرف پہ نظریں جمی ہوئیں

وہ پڑھ رہا ہوں جو نہیں لکھا کتاب میں 

اور شکیب کے نہیں لکھے گئے الفاظ کو پڑھیں تو اسی مایوسی اور قنوطیت بھرے شعر سے زندگی کو کشید کیا جاسکتا ہے. 

آپ جب کبھی شکیب جلالی کا مطالعہ کریں تو اپنے زاویۂ نگاہ کو بدلیں اور دوسروں کی عینکوں سے دیکھنے کی بجائے اپنی نظر اور اپنے نظریے سے دیکھیں تو شکیب کے اشعار سے زندگی کے ساتھ ساتھ مزید بہت کچھ کشید کرسکیں گے. 

مثال کے طور پر شکیبؔ جلالی کا یہ شعر دیکھیں:

ہوا نے توڑ کے پتھر زمیں پہ پھینکا ہے

کہ شب کی جھیل میں پتھر گرا دیا ہے کوئی

اس شعر کی سماعت یا قرأت کے بعد ہوا سے جھیل میں گرنے والے پتے کی ایک متحرک تصویر دکھائی دیتی ہے اور غور کریں تو سمجھ میں آتا ہے کہ نازک مزاج لوگوں اور حساس لوگوں کے لیے یہ منظر بھی گراں بار ہے اور شکیب جلالی کی رو سے جھیل میں پتھر گرنے کے مترادف ہے. یا پھر جواز لے مدیر سید عارف کے شعر

گرے گا ایک بھی پتہ تو چیخ ابھرے گی

یہ ڈال ڈال کا رشتہ بہت پرانا ہے. 

مضمون کی طوالت کے دامن گیر خوف کے سبب ذیل کے اشعار دیکھ لیں اور اپنے طور ان پر غور کریں کہ شکیب جلالی نے ان اشعار میں کیسی کیسی متحرک تصاویر کو اپنے لفظوں سے پینٹ کر کے رکھ دیا ہے. 


کمرے خالی ہوگئے سایوں سے آنگن بھر گیا

ڈوبتے سورج کی کرنیں جب پڑیں میدان میں


بس چلے تو اپنی عریانی کو اس سے ڈھانپ لوں

میلی چادر سی تنی ہے جو کھلے میدان پر


وہ خموشی انگلیاں چٹخا رہی تھی اے شکیب

یا کہ بوندیں بج رہی تھیں رات روشندان پر


یوں آئینہ بدست ملی پربتوں کی برف

شرماکے دھوپ لوٹ گئی آفتاب میں


دف بجائیں گے برگ و شجرطصف بہ صف، ہر طرف

خشک مٹی سے پھوٹے گا نم صبر کر صبر کر


چوما ہے میرا نام لبِ سرخ نے شکیب

یا پھول رکھ دیا ہے کسی نے کتاب پر 

اپنی بات کو ذوالفقار احسن کی اس بات کے بعد ختم کرنا پسند کروں گا:

پیکر پر مبنی شاعری کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ سامع/قاری رک کر اس کے معنی نہیں پوچھتا. اس پیکر کی جو معنویت خود سامع/قاری کے ذہن میں ہوتی ہے وہ تمام دوسرے تاملات اور تمام مسابقتی تعبیرات کو روک دیتی ہے اور ایک ایسی شعری صورتِ حال پیش کرتی ہے جو تعبیر سے ماورا اور صرف احساس و محسوس پر مبنی ہوتی ہے."

(شکیب جلالی فنباور شخصیت صفحہ 30)

یہ معاملات شکیب جلالی کے زیادہ تر اشعار سنتے ہی سامنے آجاتے ہیں. امید ہے کہ آپ اس زاویے سے بھی شکیب جلالی کے اشعار کو دیکھتے ہی ہوں گے اور اگر اب تک نہیں دیکھا ہے تو ضرور دیکھیں. 

حالانکہ بعض تنقید نگاروں اور دانشوروں نے شکیب جلالی کے حالات، والدہ کی موت، والد کے پاگل خانے پہنچنے اور خود شکیب کی خودکشی کے سبب اسے قنوطیت زدہ اور بیچارہ شاعر مشہور کرتے ہیں جبکہ ایسا ہے نہیں. شکیب محض مایوسی، موت، شکوے شکایت اور محرومیوں کو بیان کرنے والا شاعر نہیں ہے بلکہ اس کے یہاں مسرتوں اور زندگی کا اظہار بھی ملتا ہے. دیکھیں:

کیوں رو رہے ہو راہ کے اندھے چراغ کو 

کیا بجھ گیا ہوا سے لہو کا شرار بھی

اس شعر کو دیکھیں اور سوچیں کہ یہاں مایوسیاں ہیں، موت ہے، محرومیاں ہیں یا پھر کچھ اور؟ کچھ اور ہی ہے. اور وہ کچھ اور زمانے والوں سے دو دو ہاتھ کرلینے پر اُکسانے والا ہے، مایوس ہو کر اپنے آپ کو آندھی کالی راتوں کے حوالے کرنے کی بجائے باامید ہو کر جہدِ مسلسل کا درس دیتا ہوا محسوس ہوتا ہے. 

نیز ایسے ہی کچھ امید و حوصلے اور زندگی سے بھر پور اشعار بھی شکیب نے کہے ہیں. دیکھیں:

کتنے طوفان اُٹھے ، کتنے ستارے ٹوٹے 

پھر بھی ڈوبا نہیں اب تک دل بیدار یہاں


کہتا ہے آفتاب ذرا دیکھنا کہ ہم 

ڈوبے تھے گہری رات میں کالے نہیں ہوئے


توڑ کر حلقہ شب ڈال کے تاروں پر کمند

آدمی عرشۂ آفاق پہ چھا جائے گا


ٹھوکر سے میرا پاؤں تو زخمی ہوا ضرور 

رستے میں جو کھڑا تھا وہ کہسار ہٹ گیا. 

ایک مرتبہ پھر سے شکیب جلالی کا مطالعہ کریں اور پہلے سے طے شدہ نظریوں کو پسِ پشت ڈال کر مطالعہ کریں. یقیناً اس فنکار کے اشعار سے آپ کو قنوطیت، موت، افسردگی، شکایات اور رنج وغم کے علاوہ مزید کچھ اور مل ہی جائے گا. 


(ختم شد)